کُلّیاتِ غالبؔ

رونے سے اور عشق میں بے باک ہو گئے
دھوئے گئے ہم ایسے ؂۱ کہ بس پاک ہو گئے

صرفِ بہائے مے ہوئے آلاتِ مے کشی
تھے یہ ہی دو حساب، سو یوں پاک ہو گئے

رسوائے دہر گو ہوئے آوارگی سے تم ؂۲
بارے طبیعتوں کے تو چالاک ہو گئے

کہتا ہے کون نالۂ بلبل کو بے اثر
پردے میں گُل کے لاکھ جگر چاک ہو گئے

پوچھے ہے کیا وجود و عدم اہلِ شوق کا
آپ اپنی آگ کے خس و خاشاک ہو گئے

کرنے گئے تھے اس سے تغافُل کا ہم گِلہ
کی ایک ہی نگاہ کہ بس خاک ہو گئے

؂۳ پوچھے ہے کیا معاشِ جگر تُفتگانِ عشق
جوں شمع آپ اپنی وہ خوراک ہو گئے

؂۴ اس رنگ سے اٹھائی کل اُس نے اسدؔ کی نعش
دشمن بھی جس کو دیکھ کے غم ناک ہو گئے

  1. ؂۱نسخۂ رضا میں ”اتنے“۔ شاید کتابت کی غلطی ہے۔ —جویریہ مسعود
  2. ؂۲ایک آدھ نسخے میں ”ہم“ بھی چھپا ہے۔ —حامد علی خاں
  3. ؂۳نسخۂ رضا سے مزید۔ نسخۂ حمیدیہ میں یہ شعر درج نہیں۔ —جویریہ مسعود
  4. ؂۴نسخۂ مہرؔ میں یہ مصرع یوں درج ہے: ؏ اس رنگ سے کل اُس نے اٹھائی اسدؔ کی نعش۔ مقابلے سے معلوم ہوا کہ دوسرے کسی، زیرِ نظر، قدیم و جدید نسخے میں یہ مصرع یوں درج نہیں۔ لہٰذا اسے سہوِ کاتب سمجھنا چاہیے۔ ایک آدھ نسخے میں ”نعش“ کی جگہ ”لاش“ بھی چھپا ہے۔ —حامد علی خاں