اِس ویب کتاب کے بارے میں
یہ ویب کتاب ایک ادنیٰ سی کوشش ہے کہ اردو محفل پر رضاکاروں کی ٹِیم نے غالبؔ کے کلام پر جو کام کِیا ہے، اسے اردو ادب کے شائقین (خصوصاً قتیلانِ غالبؔ) کے لیے پیش کیا جا سکے۔
چونکہ یہ شاعری کی کتاب ہے، سو ہم نے شاعری کے لےآؤٹ کو بھی حتّی الامکان بہتر انداز میں ترتیب دینے کی کوشش کی ہے۔ فی الوقت ویب پر جسٹیفائیڈ شاعری کی وہ خوبصورتی تو حاصل نہیں کی جا سکتی جو ایک خطاط کا ہاتھ تخلیق کرتا ہے، لیکن شاعری کے دو کالمی لےآؤٹ کے لیے جدید سیایسایس میں تسلی بخش سہولیات موجود ہیں اور اُنہیں اِس ویب کتاب میں کثرت سے استعمال کیا گیا ہے۔ قاری کی ڈیوائس کا بھی خاص طور پر خیال رکھا گیا ہے — ایک موبائل فون کی سکرین پر تمام شاعری ایک کالم میں ظاہر ہو گی، جبکہ ٹیبلٹ اور ڈیسکٹاپ پر یہ دو کالمز میں ظاہر ہو گی: ٹیبلٹ میں ایک شعر کا ہر مصرع اپنی سطر میں ہو گا (پہلا مصرع دائیں طرف، اور دوسرا مصرع بائیں طرف)، جبکہ ڈیسکٹاپ پر دونوں مصرعے ایک ہی سطر میں آمنے سامنے ہوں گے۔ اسی طرح آخری شعر کے مصرعے بھی اپنی اپنی سطروں میں اور درمیان میں نظر آئیں گے۔
کچھ متفرق باتیں:
متن کی ٹائپسیٹنگ کے لیے نوٹو نستعلیق اردو فونٹ استعمال کیا گیا ہے۔
سرورق اور مختلف صفحات پر مستعمل آرائشی آرٹ ”دیوانِ غالبؔ، بہ تحقیقِ متن و ترتیب از حامد علی خاں، پنجاب یونیورسٹی پریس، لاہور، ۱۹۶۹ء“ سے ٹریس کر کے حاصل کیا گیا ہے (یہ اور دیگر آرائشی بیل بُوٹے عبد الرحمٰن چغتائی نے اُس نسخے کے لیے فراہم کیے تھے)۔ اِس ویب کتاب کے رنگ بھی اُسی نسخے سے اِنسپائرڈ ہیں۔
حواشی کے لیے حاشیے کی روایتی علامت کا استعمال کیا گیا ہے (جو ذاتی طور پر مجھے بہت پسند ہے)۔
تمام آئکنز Feather سے حاصل کیے گئے ہیں۔
یہ ویب کتاب پولن (Pollen) کی مدد سے بنائی گئی ہے، اور اِس کا سورس کوڈ گِٹہب پر ایمآئیٹی لائسنس کے تحت دستیاب ہے۔ اگر آپ کو کتاب کے متن، ڈیزائن، یا لےآؤٹ میں کہیں کوئی غلطی نظر آتی ہے، تو براہِ کرم گِٹہب ریپوزیٹری کے اِیشوز میں مطلع فرمائیے۔
ویب کتاب کا تمام متن سیسیزیرو لائسنس کے تحت جاری کیا گیا ہے۔
ہم امید کرتے ہیں کہ آپ کو یہ ویب کتاب پسند آئے گی۔
سعادت متین
جولائی ۲۰۲۱ء