وحشت کہاں کہ بے خودی انشا کرے کوئی؟
ہستی کو لفظِ معنیٔ عنقا کرے کوئی
لختِ جگر سے ہے، رگِ ہر خار، شاخِ گل
تا چند باغبانیٔ صحرا کرے کوئی
جو کچھ ہے، محوِ شوخیٔ ابروئے یار ہے
آنکھوں کو رکھ کے طاق پہ دیکھا کرے کوئی
ہر سنگ و خشت، ہے صدفِ گوہرِ شکست
نقصاں نہیں جنوں سے جو سودا کرے کوئی
ہے وحشتِ طبیعت ایجاد، یاس خیز
یہ درد وہ نہیں کہ نہ پیدا کرے کوئی
ناکامیٔ نگاہ، ہے برقِ نظارہ سوز
تو وہ نہیں کہ تجھ کو تماشا کرے کوئی
عرضِ سرشک پر ہے، فضائے زمانہ، تنگ
صحرا کہاں کہ دعوتِ دریا کرے کوئی
خوانا نہیں ہے خط رقم اضطرار کا
تدبیرِ پیچ تابِ نفس کیا کرے کوئی
وہ شوخ اپنے حسن پہ مغرور ہے، اسدؔ
دکھلا کے اس کو آئینہ توڑا کرے کوئی