کُلّیاتِ غالبؔ

؂۱

خطر ہے رشتۂ اُلفت رگِ گردن نہ ہو جائے ؂۲
غرورِ دوستی آفت ہے، تُو دُشمن نہ ہو جائے

بہ پاسِ شوخیٔ مژگاں سرِ ہر خار سوزن ہے
تبسّم برگِ گل کو بخیہِ دامن نہ ہو جائے

جراحت دوزیٔ عاشق ہے جائے رحم ترساں ہوں ؂۳
کہ رشتہ تارِ اشکِ دیدۂ سوزن نہ ہو جائے

غضب شرم آفریں ہے رنگ ریزی ہائے خود بینی
سپیدی آئنے کی پنبۂ روزن نہ ہو جائے

سمجھ اس فصل میں کوتاہیٔ نشو و نما، غالبؔ!
اگر گُل سَرو کے قامت پہ، پیراہن نہ ہو جائے

  1. ؂۱متداول دیوان میں یہ غزل صرف مطلع اور مقطع پر مشتمل ہے۔ باقی اشعار نسخۂ رضا/حمیدیہ سے شامل کیے گئے ہیں۔ —جویریہ مسعود
  2. ؂۲نسخۂ بھوپال میں اس غزل کی ردیف ”جاوے“ ہے۔ —اعجاز عبید
  3. ؂۳نسخۂ حمیدیہ میں ”ڈرتا ہوں“ درج ہے۔ —جویریہ مسعود